نئی دہلی، 28؍جوالائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )بی جے پی سے استعفیٰ دے چکے سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو عام آدمی پارٹی میں شامل ہوں گے۔ذرائع کے حوالے سے خبرہے کہ اس بات کا اعلان 15؍اگست کو ممکن ہے۔کہا یہ بھی جا رہا ہے کہ وہ پنجاب میں آپ کی جانب وزیر اعلیٰ کے امیدوارنہیں بلکہ اسٹار کمپینر ہوں گے۔غور طلب ہے کہ انہوں نے 18؍جولائی کو راجیہ سبھا سے استعفیٰ دے دیا تھا۔پارٹی سے استعفیٰ دینے کے بعد دہلی میں ایک پریس کانفرنس کر کے سدھو نے بی جے پی پر سخت حملہ بولا تھا ۔انہوں نے اپنا موقف رکھتے ہوئے کہا کہ میں نے استعفیٰ اس لیے دیاہے ، کیونکہ مجھ سے کہا گیا تھا کہ پنجاب کی طرف منہ نہیں کرو گے۔سدھو نے آگے کہاکہ مجھ سے کہا گیا کہ آپ پنجاب سے دور رہو گے۔انہوں نے کہا کہ مذاہب میں سب سے بڑا مذہب راشٹردھرم ہوتا ہے۔تو پھر کس طرح میں اپنی جڑ، اپنا وطن چھوڑ دوں ۔سدھو نے بی جے پی کا نام لئے بغیر کہا کہ مودی کی لہر نے صرف اپوزیشن کو ہی نہیں سدھو کو بھی ڈبو دیا۔دوسری طرف عام آدمی پارٹی میں شامل ہونے کے سوال کو سدھو ٹال گئے اور انہوں نے کہا کہ جہاں پنجاب کا مفاد ہو گا، وہاں جاؤں گا۔راجیہ سبھا کے چیئرمین نے سدھو کا استعفی بھی قبول کر لیا تھا۔ان کے عام آدمی پارٹی میں جانے کی بحث تھی۔اس معاملے پر قیاس آرائیوں کا بازار گرم رہنے کے درمیان عام آدمی پارٹی نے چندی گڑھ میں کہا تھا کہ اگر سدھو عام آدمی پارٹی میں شامل ہوتے ہیں، تو وہ باہیں پھیلا کر ان کا استقبال کرے گی۔استعفی پر مختصر بیان میں سدھو نے اپنی مستقبل کی منصوبہ بندی کے بارے میں زیادہ باتیں نہیں کی ، لیکن اشارہ ہے کہ وہ اپنی پارٹی میں ریاست میں چل رہی چیزوں سے ناخوش تھے۔